0

خواتین کے لیے سیدہ فاطمہ الزہرہ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔


مظفرآباد (بی بی سی) وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات،ماحولیات و سمال انڈسٹریز چوہدری محمد رفیق نیئرنے کہا ہے کہ خواتین کے لیے سیدہ فاطمہ الزہرہ کی زندگی بہترین نمونہ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ جانے والی بہادر کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار یوم خواتین پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین کے حقوق سے متعلق کہیں بھی دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ہمارا دین ہمیں اس بارے میں مکمل تفصیل فراہم کر رہا ہے۔ ہماری منزل امہات المومنین کی حیات طیبہ بالخصوص سیدہ کائنات فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی حیات طیبہ ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا خیال رکھنا انہیں زندگی کی دوڑ میں مساوی مواقع فراہم کرنا ان کی عزت و توقیر کرنا معاشرے کے تمام افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ہمیں وراثت کے معاملے پر خواتین کو ان کا حق دینا چاہیے اس پر حکومتوں کو سختی سے قوانین پر عمل درآمد کرانا چاہیے۔ اس حوالے سے قائد پاکستان عمران خان نے بہترین اقدامات کئے اور وراثت میں خواتین کے حوالے سے بہت ٹھوس کام کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کی مثال موجود ہے جو تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ رہیں۔ بہادر کشمیری خواتین جن میں فریدہ بہن جی سمیت کئی خواتین شامل ہیں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو انتہائی نامصائب حالات کے باوجود بھارتی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہیں۔ ہمیں اس بہادر خاتون کو بھی نہیں بھولنا ہے جنہوں نے تحریک پاکستان کی جدوجہد کے دوران پنجاب اسمبلی کی عمارت سے جیک اتار کر پاکستان کا جھنڈا لہرا دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں