مظفرآباد(بی بی سی)سینئر وزیر /وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے گزشتہ روز شاہرات کے چیف انجینئر XEN/SEاور دیگر آفیسران جن میں CDOکے آفیسران بھی موجود تھے کے ہمراہ دومیل سیداں لینڈ سلائیڈنگ اولڈ کچہری،محلہ شاہناڑہ،طارق آباد لینڈ سلائیڈنگ اور نزد نیلم پل تا نیلم گراؤنڈ متبادل لنک روڈ کے تعمیراتی منصوبہ جات کے شروع کرنے کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان مظفرآباد شہر کو ایک ماڈل سٹی کے طورپر دیکھنا چاہتے ہیں جس میں ٹریفک اور آبادی کے دباؤ کو کم کرنے اور عام شہریوں کو سہولیات میں اضافہ دینے کے لیے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کرچکے ہیں اور کئی بار خود بھی ان منصوبہ جات کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا عزم کرچکے ہین۔ہمیں احساس ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہمارے بجٹ کے منظور شدہ فنڈز بھی نہیں مل رہے بلکہ جو مل بھی رہے ہیں ان کی ترسیل میں بھی رکاوٹ ڈالی جارہی ہے لیکن ان تمام مالی مشکلات کے باوجود شہر کے ان تینوں اہم ترین منصوبہ جات پر اسی مالی سال میں کام شروع کردیاجائے گا۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد ہم سب کا چہرہ ہے جس طرح وزیراعظم اس شہر کی خوبصورتی میں دلچسپی لے رہے ہیں،ہمیں امید ہے کہ اپوزیشن بھی فنڈز کی فراہمی میں امپورٹڈ حکومت سے ہمیں ہمارے حصہ کے فنڈز دلانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں کہا کہ دومیل سیداں،اولڈ کچہری لینڈ سلائیڈنگ کے دونوں منصوبہ جات اورنزد نیلم پل تا نیلم گراؤنڈ متبادل بائی پاس لنک روڈ سے شوکت لائن روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔خصوصاً چھٹی کے وقت یہ روڈ تقریباً بلاک ہوجاتی ہے اور دونوں سلائیڈز پر سڑک بحال ہونے سے دومیل سیداں،مہاجر کیمپ مانک پیاں ائیر پورٹ،محلہ شاہناڑہ،طارق آباد کی ہزاروں کی آبادی کو بہت سہولت ملے گی۔انہوں نے موقع پر موجود آفیسران کو کہا کہ وہ اس حوالے سے ضروری فائل ورک کا کام جلدی تکمیل کریں تاکہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے ان منصوبہ جات کے لیے فنڈز کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔موقع پر موجود شہریوں نے حکومت کا اس حوالے سے شکریہ بھی ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ تینوں منصوبے عوامی اہمیت کے حامل ہیں جن پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ان منصوبوں کو ہر قیمت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔تحریک انصاف کی حکومت نے آزادکشمیر کے عوام سے جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کیا جائیگا۔دارالحکومت کے شہریوں کے دیرینہ مسائل کاحل اولین ترجیحات میں شامل ہے۔شہر کے اندر بلاتخصیص تعمیر وترقی کے منصوبوں پر کام جاری ہیں۔دارالحکومت کے جملہ ترقیاتی منصوبہ جات کو بروقت مکمل کرایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
٭٭٭٭٭
0