
مظفرآباد(بی بی سی)کمشنر مظفرآباد ڈویژن سردار عدنان خورشید نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، ان کے پیش رو کمشنر مسعودالرحمان نے جمعہ کے روز چارج ان کے حوالہ کیا۔ اس موقع پر چارج لین دین کی تقریب کمشنر آفس میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل کمشنر شوکت خان یوسفزئی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر مظفرآباد راجہ سہیل خان سمیت انتظامیہ کے دیگر آفیسران اور سٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسعود الرحمان نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن کی سروس کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ ہم نے زلزلہ 08اکتو بر کا مشکل وقت بھی دیکھا ہے اور حال ہی میں بلدیاتی انتخابات کا کامیاب انعقاد بھی ممکن بنایا۔ بلدیاتی انتخابات کا انعقادہماری ایک Success Storyہے۔ بطور کمشنر مظفرآباد میرا تجربہ نہایت عمدہ رہا ہے اور میری کامیابی کا سارا کریڈٹ میری ٹیم کو جاتا ہے۔ انتظامی آفیسران نے نہایت عمدہ طریقے سے کام کیا اور مجھے ایک بہترین ٹیم میسر رہی۔ پولیس نے بھی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دیا اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ بھی میری بہترین کوآرڈینیشن رہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر اور پوسٹنگ سروس کا حصہ ہے۔ انسان کو اپنے عہدے پر رہ کر عوام کی خدمت کو اپنا شعار سمجھنا چاہیے۔ ہماری ترجیحات ہمیشہ عوام کی خدمت رہی ہے۔ میں نے سروس کے دوران کبھی کوئی دباؤ نہیں لیا اور نہ ہی اپنے آفیسران کی عزت نفس پر سمجھوتہ کیا۔ نئے آنے والے کمشنر سردار عدنان خورشید ایک باصلاحیت آفیسر ہیں اور ان کی قیادت میں کامیابیوں کا سفر جاری رہے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن سردار عدنان خورشید نے کہا کہ میرے پیش رو کمشنر مسعودالرحمان نے اپنے عرصہ کے دوران بہترین پر فارم کیا۔ میری خواہش ہے کہ ان کے کاموں کو جاری رکھوں۔ مسعود الرحمان ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں اور ان کی مظفرآباد ڈویژن میں سروسز ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عملدرآمد کے لیے انتظامیہ اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ ہمارے پاس بہترین ہیومن ریسوس موجود ہے۔ انتظامی آفیسران کی صلاحیتوں پر ہمیں فخر ہے۔ تمام ٹیم مل کر کمٹمنٹ کے ساتھ کام کرے اور اس سفر کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ سابقہ کمشنر مسعودالرحمان کے ساتھ کام کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ ان کی لیڈ رشپ میں انتظامیہ نے بہترین انداز میں عوام کی خدمت کی۔ ہم ان کو نئی اسائمنٹ پرجانے کے لیے نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کر رہے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے مسعود الرحمان کو تحفہ بھی دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان کو تبدیل کر کے سینئر ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ جبکہ ممبر (M&E)بورڈ آف ریونیو سردار عدنان خورشید کو کمشنر مظفرآباد ڈویژن ٹرانسفر کیا گیا تھا۔
0