0

اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ محمد عظیم نے ڈیجیٹل مردم شماری


نیلم(بی بی سی/ ضیاء سرور) اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ محمد عظیم نے ڈیجیٹل مردم شماری کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ادارہ شماریات پاکستان کے سینسس کوارڈی نیٹر برائے ضلع نیلم احمد فراز، ٹیکنیکل اسسٹنٹ محمد رفاقت شیخ اور ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری 2023کے فیلڈ ورک میں تعینات سٹاف بشمول سپروائزران و شمارکنندگان نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ محمد عظیم نے ڈیجیٹل مردم شماری کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ محمد عظیم کو ادارہ شماریات پاکستان کے سینسس کوارڈی نیٹر برائے ضلع نیلم احمد فراز نے ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری 2023 کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح نیلم میں ہونے والی ساتویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری 2023 میں کاغذ و قلم کے روایتی استعمال کو ترک کر تے ہوئے ٹیبلیٹس اور آن لائن ایپلیکیشنز کا استعمال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ضلع ہذا میں تعینات فیلڈ سٹافپوری طرح تیار ہے اور ان کو ٹیبلیٹس فراہم کر دئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جوشہری چاہتے ہیں کہ فیلڈ شمار کنندگان ان کے گھر نہ آئیں وہ اپنی تفصیلات درج کرانے کے لیے اپنے موبائل نمبروں کا استعمال کرتے ہوئے پی بی ایس کے بنائے ایک ویب پورٹل میں لاگ ان کر سکتے ہیں۔ ایک بار جب مذکورہ فرد مردم شماری کا فارم مکمل کر کے جمع کروا دے گا تو اسے ایک کیو آر (QR) کوڈ جاری کیا جائے گا۔ پھر جب کوئی فیلڈ شمار کنندہ اس کے گھر جاتا ہے تو اسے محض اس کوڈ کو سکین کروانا ہو گا تاکہ ڈیٹا کی تصدیق کا عمل شروع کیا جا سکے۔ ایک بار جب پی بی ایس اس ڈیٹا کی تصدیق کر لے گا تو اس شخص اور اس کے گھر والوں کا مردم شماری میں شمار ہو جائے گا۔اگر کسی علاقے میں رابطے کے مسائل کی بنا پر ٹیبیلٹس آف لائن بھی ہوں تو بھی مردم شماری کی معلومات جمع کی جائیں گی جنھیں بعد میں مرکزی کنٹرول روم کو منتقل کر دیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام راجہ محمد عظیم نے نیلم کے شہریوں جو بیرون ضلع رہائش پذیر ہیں کو تاکید کی ہے کہ وہ مردم شماری میں اپنا اور اپنے خاندان کا اندراج نیلم میں کرائیں تا کہ نیلم کے ڈومیسائل سے استفادہ کرنے والوں کا شمار نیلم کی آبادی میں بھی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں