اسلام آباد(بی بی سی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر اور صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پارٹی سپریم ہوتی ہے پارٹی ڈسپلن اور پارٹی آئین پر عملدرآمد ہم سب کی زمہ داری ہے ۔یر پارٹی کا اپنا نظریہ ہے پاکستان تحریک انصاف کا اپنا نظریہ اور سوچ ہے ۔ضلع مظفرآباد میں بلدیاتی انتخابات میں ہماری پوزیشن اچھی ہے ۔کم وسائل کے باوجود ہم نے ترقیاتی کام کئے ہیں آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ضلع مظفرآباد سے تحریک انصاف کے منتخب ممبران ضلع کونسل سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری محمد رشید ،چویدری اکبر ابراہیم اور نائب صدر تحریک انصاف میر عتیق الرحمان موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت میں یا صدارتی نظام ہوتا ہے یا پارلیمانی دونوں میں پارٹی کی بڑی اہمیت ہوتی ہے ،حکومت میں ہوں یا نہ ہوں پارٹی سپریم رہتی ہے کیونکہ اسی کی وجہ سے ارکان منتخب ہوتے ہیں اور سیاسی ثمرات سے مستفید ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کہیں کمشنر ,ایس ایس پی یا ڈپٹی کمشنر کو استعمال نہیں کیا سب کے لئے برابر کے مواقع ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ ہے جس میں مئیر ،ڈہٹی مئیر ،چئیرمین اور وائس چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا ،ہم بھی تمام فیصلے قائدین کی مشاورت سے کریں گے آپ سب نے ان فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے اور پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے دوسرے لوگوں کو رستہ بھی دینا ہے اور اپنے لوگوں کا تحفظ بھی کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا کریڈٹ آپ کو اور آپ کی پارٹی کو جاتا ہے ہم نے اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلیے تمام مشکلات کا مقابلہ کیا مگر لوگوں کے حق حکمرانی ہر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا ہم بلدیاتی انتخابات کرانے سے پیچھے نہیں ہٹے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر اور ضلع مظفرآباد میں پارٹی کی پوزیشن بہت بہتر رہی اب تیسرے مرحلے میں بھی آپ سب نے اتحاد و اتفاق اور پارٹی ڈسپلن کے مطابق آگے بڑھنا ہے انشاءاللہ کامیابی ہماری ہو گی ۔منتخب ممبران ضلع کونسل نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ آپ نے مشکل ترین حالات میں بلدیاتی انتخابات کروا کر عوام کے دل جیت لئے ہیں اس پر ہم آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 32 سال بعد بلدیاتی انتخابات کرانے کا سہرہ آپ کو جاتا ہے تاریخ آپ کا کردار سنہری حروف میں لکھے گی
0