0

جموں کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا

کراچی (بی بی سی) آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے۔ پاکستان عام انتخابات میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں دو تہائی اکثریت حاصل کریں گے. تحریک انصاف کا نعرہ ہی انصاف ہے اور ہماری جماعت ہمیشہ عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے،وہ ان خیالات کا اظہار سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے چیمبر میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کر رہے تھے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے مقبول جماعت اور عمران خان ہمارے لیڈر ہیں۔ آئیندہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی دو تہائی اکثریت سے کامیاب ہو گی، ملک اس وقت شدید معاشی و سیاسی بحران کا شکار ہے جس کا واحد حل الیکشن ہے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو ملک کے معاشی حالات کی بہتری کے لیے ایک پیج پر بیٹھنا ہو گا اور مسائل کا حل ڈھونڈنا ہو گا۔ ہم قومی مفاد میں ثالثی کرانے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ حلیم عادل شیخ نے ہمیشہ سندھ کی سیاست میں جمہوری سوچ کو پروان چڑھاتے ہوئے جاندار کردار ادا کیا۔لال شہباز قلندر کی دھرتی سے ہم پوری قوم کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔ کشمیر کے لوگوں کا سندھ کی اس دھرتی کے ساتھ رشتہ مزید مضبوط کرنے کیلئے آئے ہیں۔ سندھ حکومت اپنے آفیسرز ڈیپوٹیشن پر آزادکشمیر بھیجے ہم اپنے آفیسران کو بھی سندھ بھیجیں گے۔ سندھ کی اس دھرتی نے کشمیریوں کو ہمیشہ اس قدر عزت و احترام دیا جس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔آزادکشمیر میں سندھ ہاوس قائم کرنے کیلئے وزیراعلی سندھ کو تحریک کر دی ہے۔ فوڈ سیکیورٹی کیلئے سندھ سے دو لاکھ کنال جگہ درکار ہے۔ آزادکشمیر حکومت اس پر خود کام آگے بڑھائے گی۔آزادکشمیر میں مختلف مذاہب کی عبادت گاہیں ہیں جو لوگ وہاں آنا چاہیں انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ پن بجلی اور سیاحت میں سندھ سمیت مختلف صوبوں کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ ملکی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں منگلا اور نیلم جہلم منصوبے کا اہم کردار مزید پن بجلی کے منصوبے لگانے کی گنجائش موجود ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی ماوں نے بہادر سپوت پیدا کیے جو گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی درندہ صفت فوج کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اہلیان کشمیر نے قربانی کی لمبی داستیں رقم کیں۔ کشمیری حق رائے شماری مانگتے ہیں اس لیے آزادی سے کم کسی چیز پر کمپرومائز کیلئے تیار نہیں ہوئے۔ مودی گجرات کے خون میں لتھڑا ہوا کشمیریوں کے دل درندگی سے کبھی جیتے نہیں جا سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنڈتوں اور دلتوں کے ساتھ ہندوستان کا سلوک انسانیت کے منافی ہے اسی لیے وہ پاکستان کی طرف امید سے دیکھتے ہیں۔ہندوستان نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے،لیکن جب تک کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت آزادی مل نہیں جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض۔ وزراء ماجد خان۔ فہیم ربانی۔ چوہدری رشید سمیت پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ اور پیر مظہر شاہ بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں