۔
بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کی ۳۹ ویں برسی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔ ۹ اور ۱۱ فروری کو بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں دو روزہ مکمل ہڑتال جبکہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت دنیا بھر میں موجود کشمیریوں سے ۱۱ فروری کے روز بھر پور احتجاج کی اپیل۔ احتجاجی تقریبات میں بھارت سے مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کے اجساد خاکی کی واپسی کا مطالبہ۔ // قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے شہید اعظم بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کی ۳۹ ویں برسی بڑے شوق و ذوق اور شایان شان طریقے سے منانے کا عزم کرتے ہوئے پارٹی ذمہداران و قائدین کو ریاست بھر میں احتجاجی تقریبات منعقد کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔ سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ راجہ حق نواز خان نے دنیا بھر میں موجود پارٹی کے سینئر ترین رہنماوں و ذمہ داروں بالخصوص وائس چیئرمین حافظ محمد انور سماوی، وائس چیئرمین خواجہ سیف الدین، وائس چیئرمین سلیم ہارون، وائس چیئرمین سردار زاہد حسین، مرکزی سیکریٹری جنرل، سفارتی شعبے کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان، چیف آرگنائزر صابر گل، مرکزی فائنانس سیکریٹری خواجہ منظور احمد چشتی، مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل جاوید حنیف، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر سردار محمد انور خان اور مرکزی ڈپٹی سیکریٹری مالیات حافظ ممتاز احمد کے علاوہ زونل صدور ساجد صدیقی (آزاد کشمیر گلگت بلتستان) ، لیاقت علی لون (برطانیہ)، محمد حلیم خان (امریکہ)، ملک مشتاق پاشا (یورپ) اور وسیم افتخار درانی (گلف) کے ساتھ اہم مشاورت کے بعد بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام سے ۹ فروری یوم شہادت محمد افضل گورو اور ۱۱ فروری یوم شہادت بابائے قوم محمد مقبول بٹ کے موقع پر دو روزہ مکمل ہڑتال جبکہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے علاوہ دنیا بھر میں موجود کشمیریوں سے ۱۱ فروری کے روز احتجاج ریکارڈ کرانے کے ساتھ ساتھ ریاست جموں کشمیر کی آزادی اور بھارتی تہاڑ جیل میں محبوس قائد انقلاب و چیئرمین لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کی فوری رہائی کے حق میں اپنی آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔ بیان کے مطابق راجہ حق نواز خان نے اندرون و بیرون ریاست جموں کشمیر میں موجود جملہ پارٹی ذمہ داران و قائدین کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ۱۱ فروری کی تقریبات میں جہاں مقبول بٹ شہید کی جدوجہد اور قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے وہاں شہید کی سوانح حیات بالخصوص ان کے نظریات و افکار اور جدوجہد کے مقاصد بھر پور انداز میں اجاگر کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان احتجاجی تقریبات میں بھارت سے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کے اجساد خاکی کی واپسی کا مطالبہ دہراتے ہوئے اور تحریک آزادئ جموں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد یاسین ملک سمیت جملہ اسیران اور بالخصوص بلند حوصلوں سے لبریز کشمیری عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے۔ بیان کے مطابق احتجاجی تقریبات کی تفصیلات دیتے ہوئے راجہ حق نواز خان نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں دو روزہ مکمل ہڑتال کے علاوہ آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں ۱۱ فروری کے روز بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کی ۳۹ ویں برسی کے موقع پر احتجاجی جلسے، مظاہرے، ریلیاں، سمینار اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ دنیا بھر میں پھیلی پارٹی قیادت بالخصوص امریکہ، برطانیہ اور یورپ جیسے طاقت کے مراکز میں قائم بھارتی ہائی کمشنز / سفارتخانوں کے دفاتر کے سامنے مظاہروں کا اہتمام کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔ راجہ حق نواز خان نے بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ شہید کے نظریات و افکار اور قربانی کی واحد پاسدار تنظیم ہے جو قائد انقلاب و تہاڑ جیل میں محبوس چیئرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کی قیادت میں قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کے وضع کردہ راہنما اصولوں کے عین مطابق منقسم ریاست جموں کشمیر کے وحدت کی بحالی، آزادی و خودمختاری اور خوشحالی کے حصول کے لئے جاری جدوجہد کو ہر قیمت پر کامیاب بنانے میں پرعزم ہے۔
0