ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ “اس وقت تک ہمارے 912 شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 5 ہزار 385 ہے”۔صدر ایردوان نے، دارالحکومت انقرہ میں محکمہ آفات و ہنگامی حالات AFAD کے انتظامی مرکز میں ترکیہ کے ضلع قاہرمان ماراش کی تحصیل پازارجک میں آنے والے اور 10 اضلاع میں محسوس کئے گئے، زلزلے کا جائزہ لیا ہے۔اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ “آج صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آنے والا زلزلہ حالیہ ایک صدی میں 1939 میں ضلع ارزنجان کے زلزلے کے بعد بڑا ترین زلزلہ تھا۔ زلزلے کے بعد، ہماری حکومت، اپنے تمام اداروں کے ساتھ، فعال ہو گئی ہے۔ ہمارے گورنر دفاتر اپنے اضلاع کے تمام امکانات کو حرکت میں لے آئے ہیں۔ فی الوقت 9 ہزار رضا کاروں کے ساتھ امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور دیگر اضلاع سے زلزلہ زدہ علاقوں میں پہنچنے والے کارکنوں کے ساتھ رضاکاروں کی تعداد میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس وقت تک ہمارے 912 شہری ہلاک ہو چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 5 ہزار 385 ہو گئی ہے”۔صدر ایردوان نے کہا ہے کہ زلزلے سے شدید متاثرہ اضلاع میں ملبے تلے دبے افراد کی نشاندہی اور امدادی کاروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس وقت تک 2 ہزار 470 افراد کو ملبے سے نکالا جا چُکا ہے اور منہدم عمارتوں کی تعداد 2 ہزار 818 ہے۔صدر ایردوان نے کہا ہے کہ “بین الاقوامی امداد کے لئے ہمارے ملک سے رابطے قائم ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ہمیں، نیٹو اور یورپی یونین کے ساتھ ساتھ 45 ممالک سے امداد کی پیشکش کی گئی ہے”۔
0