صدر مملکت عارف علوی نے یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف نے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق صدر عارف علوی نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے پاکستان غیر متزلزم حمایت کا اعلان کرتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل اور تشدد میں ملوث ہے ، بھارت کا ظالمانہ رویہ جبری گمشدگیوں اور پیلٹ گنز کے استعمال سے ظاہر ہوتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، بھارت نے 75 برسوں سے جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جما رکھا ہے، 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کر دیا، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال باعث تشویش ہے، بھارت نے کرفیو، بلیک آوٹ ، نظر بندی، قید اور بنیادی حقوق سے انکار کیا، بھارت نے کشمیری عوام کو ڈھٹائی سے نشانہ بنایا، کشمیری سیاسی قیادت کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا، میڈیا کو جبر کے ذریعے خاموش جبکہ علما کو گرفتار کیا گیا، ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارت جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرے۔جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی چین سے بیٹھے گا نہ خاموش تماشائی بنے گا، 7 دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں اور انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا ہوا ہے، آج مقبوضہ جموں و کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہیں۔پاکستان کشمیری عوام کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
0