جموں کشمیر لبریشن فرنٹ الریاض، سعودی عرب کے زیر اہتمام گذشتہ روز الریاض کے ایک مقامی ہوٹل میں کشمیری قوم کے ہیرو اور رہبر محمد مقبول بٹ شہید کی 39 ویں برسی کے موقع پر جموں کشمیر لبریشن فرنٹ الریاض کے صدر برکات حیدری کی صدارت میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے علاوہ شہر میں موجود مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، ادبی اور صحافتی برادری سے وابستہ سینئر رہنماوں نے شرکت کی۔
سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری بیان میں درج تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی سعودی عرب کے دورے پر گئے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر و ممبر سپریم کونسل ساجد محمود صدیقی اور اعزازی مہمان خصوصی پارٹی کے سینئر رہنما و ممبر سپریم کونسل سردار سلیم آفتاب خان تھے جبکہ نظامت کے فرائض انجینئر خواجہ عامر رشید چشتی نے سرانجام دئے۔ تقریب میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ گلف زون کے صدر وسیم افتخار دورانی کے علاوہ پارٹی کے سینئر رہنماوں راجہ نوید اجمل، چوہدری راشد منیر، عبدالرقیب سلطانی، خواجہ ریاض اور کئی دیگر ممبران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
بیان کے مطابق مقررین نے شہدائے جموں کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فلسفہ مقبول بٹ اور انکی لازوال قربانیوں، جموں کشمیر کی مجموعی صورتحال اور آزاد کشمیر حکومت سمیت پاکستان و ہندوستان کی کشمیر پالیسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مہمان خصوصی ساجد صدیقی نے شرکائے مجلس کو قائد انقلاب و بھارتی تہاڑ جیل میں چارسال سے محبوس چئیرمین جموں کشمیر لبریشن فرنٹ محمد یاسین ملک کی غیرقانونی قید، ان پر اور پارٹی دیگر سینئر ساتھیوں کے خلاف دائر فرضی اور من گھڑت مقدمات کی اصل حقائق، بھارتی عدالتی دہشت گردی اور ان پر عائد سخت ترین پابندیوں سے متعلق حاضرین مجلس کو آگاہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ نہ صرف یاسین ملک جیسے ہردلعزیز قومی رہنما سمیت جملہ اسیران کی قیمتی جانوں کو بچانے بلکہ ان کی فوری رہائی کے لئے وہ اپنا کردار ادا کریں۔بیان کے مطابق جملہ رہنماوں نے اس موقع پر بھارت سے تہاڑ جیل میں امانتا” مدفون مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید کی اجساد خاکی کی واپسی کا مطالبہ دہرایا اور مرحوم امان اللہ خان کی جہد مسلسل اور یاسین ملک کی لازوال قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشااللہ وہ دن دور نہیں جب جموں کشمیر ایک آزاد و خودمختیار ریاست بن کر اپنی ایک الگ شناخت قائم کرے گا۔بیان کے مطابق تقریب سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندگان کے علاوہ کشمیری کمیونٹی الریاض کی نمایاں شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مقبول بٹ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جن میں بالخصوص جماعت اسلامی کے محمد رشید، کشمیر اوورسیز فورم سے سردار شفیق خان، عتیق الرحمان، نیشنل عوامی پارٹی سے خواجہ احتشام کے علاوہ خواجہ سجاد احمد، خواجہ حسنات حیدری، خواجہ فیصل اور دیگر شامل۔ تقریب کے آخر میں شہداء کشمیر اور یاسین ملک کی رہائی کیلے دعا کی گئی۔ دریں اثناء اس سے ایک روز قبل جموں کشمیر لبریشن فرنٹ سعودی عرب برانچ میں الریاض یونٹ کے صدر برکات حیدری کی صدارت میں ایک اہم اجلاس پارٹی کے سینئر رہنما انجینئر عامر رشید چشتی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں ممبر سپریم کونسل و آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ساجد صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ممبر سپریم کونسل سردار سلیم آفتاب خان، انجینئر عامر رشید چشتی، نوید اجمل، راشد منیر، برکات حیدری، راجہ اجمل، محمد شاہد، تیمور خان، طاہر خان، طاہر محمود اور محمد صابر میر کے علاوہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ الریاض یونٹ کے کئی دیگر ارکان بھی اجلاس میں شامل رہے۔اجلاس میں تحریک آزادی اور پارٹی کے انتظامی امور پر سیر حاصل گفتگو اور مہمان خصوصی ساجد صدیقی کے اختتامی کلمات سننے کے بعد رہنماوں نے اتفاق رائے کے ساتھ مادر وطن ریاست جموں کشمیر کی قومی تحریک آزادی کے لئے جاری جدوجہد کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ مشترکہ طور پر تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں جملہ قائدین نے تحریک و تنظیم کے لئے مڈل ایسٹ (گلف) زون میں بالعموم اور سعودی عرب میں بالخصوص ماضی کی مانند فعال، نمایاں اور بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں شرکاء نے بابائے قوم شہید محمد مقبول بٹ اور قائد تحریک امان اللہ خان مرحوم کے راہنما اصولوں پر گامزن محبوس قائد انقلاب کی باصلاحیت قیادت میں قومی تحریک آزادی جاری رکھنے کا عزم کیا۔ اجلاس کے اختتام پر شہدائے جموں کشمیر کی مغفرت اور یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کی فوری رہائی کے لئے دعا کی گئی۔
0