بھارت کے اونٹرپرینور اشنیر گروور نے جس سرعت کے ساتھ کامیابی کی منازل طے کی ہیں، اس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے ’بھارت پے‘ (BharatPe)کے نام سے ایک آن لائن پے منٹ کمپنی کی بنیاد رکھی اور آج ان کے اثاثے 21ہزار 300کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔بھارتی ویب سائٹ ’بالی ووڈ شادیز ڈاٹ کام‘ کے مطابق اشنیر گروور کی اس کامیابی میں ان کی اہلیہ مادھوری جین گروور کا کلیدی کردار ہے۔اشنیر نے 4جولائی 2006ءکو مادھوری جین کے ساتھ شادی کی۔ مادھوری شادی کے وقت بھی ’اونٹرپرینور تھیں۔ ان دونوں کی ملاقات اس سے بھی 15سال قبل ’کیریئر لانچر‘ میں ہوئی تھی۔اب ان کے دو بچے، ایک بیٹا ایوی اور ایک بیٹی منت، ہیں۔ شادی کے بعد اشنیر نے اپنی اہلیہ مادھوری کی معاونت سے ہی ’بھارت پے‘ کی بنیاد رکھی۔کمپنی قائم کرنے کے بعد بھی ہر مرحلے پر اشنیر کو اپنی اہلیہ کی بھرپور معاونت حاصل رہی۔اشنیر ایک چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ کے بیٹے ہیں اور ان کی والدہ ایک ٹیچر ہیں۔ انہوں نے آئی آئی ٹی دہلی سے سول انجینئرنگ میں بی ٹیک کیا اور آئی آئی ایم احمد آباد سے 2006ءمیں ایم بی اے کی ڈگری لی۔ اشنیر نے اپنی پہلی ملازمت کوتک انویسٹمنٹ بینکنگ میں بطور نائب صدر کی۔ 2018ءمیں جب اشنیر نے ’بھارت پے‘ پر کام شروع کیا، وہ زیادہ ملازمین نہیں رکھ سکتے تھے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ نے بھی کمپنی جوائن کر لی اور فنانس کنٹرول اور بینکنگ کے شعبے دیکھنے لگیں۔اکتوبر 2018ءمیں انہوں نے ’بھارت پے‘ لانچ کی تھی اور ان کے ملازمین 20سے کم تھے۔ اب اس فرم کے بھارت کے 13شہروں میں دفاتر ہیں۔
0